ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں انسداد پولیو کی 7 روزہ مہم کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق، پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیو ویکسین اور لاجسٹکس کی مکمل فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔ مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا عمل جاری ہے۔پولیو مہم میں پورے صوبے سے 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جن میں صرف لاہور میں 14 ہزار سے زائد، راولپنڈی میں 9 ہزار سے زائد اور ملتان میں 10 ہزار سے زائد ورکرز شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے، اس لیے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں۔پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس اور صحت عامہ کے دیگر محکمے بھی پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی اور تعاون میں شامل ہیں۔
حکومت پنجاب اور محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہمیشہ کیلئے معذوری سے محفوظ رکھیں۔