لاہور میں ہفتہ وار انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، 22 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

لاہور میں ہفتہ وار انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، 22 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

لاہور میں ہفتہ وار انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں تاکہ اس موذی بیماری کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے میاں میر ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی نے ان کا استقبال کیا جبکہ تقریب کے دوران مہم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور کی تمام 274 یونین کونسلز میں یہ مہم بیک وقت شروع کر دی گئی ہے۔ اس دوران مجموعی طور پر 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ مہم کے لیے 14 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔

 اس کے ساتھ ساتھ ٹیموں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس موقع پر کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج بیماری ہے، تاہم اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ بروقت حفاظتی قطرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انتظامیہ کے مطابق مہم کے دوران مانیٹرنگ ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی علاقے میں کوتاہی نہ ہو اور مقررہ ہدف مکمل کیا جا سکے۔