لاہور میں انسداد پولیو مہم کا پہلا روز کامیاب، 4 لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے

لاہور میں انسداد پولیو مہم کا پہلا روز کامیاب، 4 لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے

لاہور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز 4 لاکھ 56 ہزار 308 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا دیے گئے، جبکہ پولیو ٹیموں نے شہر بھر میں 2 لاکھ 95 ہزار 151 گھروں تک رسائی حاصل کی۔

انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنرز اور یونین کونسل مانیٹرنگ افسران (یو سی ایم اوز) نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور گھروں تک ٹیموں کی رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے اور ایسے گھروں کا دوبارہ دورہ کیا جائے جہاں بچے پہلی مرتبہ ٹیموں کی آمد کے وقت موجود نہیں تھے۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ انکاری کیسز کو مؤثر حکمت عملی کے تحت حل کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔