ویب ڈیسک: ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر اسٹار، معروف ریسلر اور اداکار جان سینا نے ریسلنگ کی دنیا میں ایک نیا باب رقم کر دیا، جب انہوں نے ریسل مینیا 41 کے دوسرے دن کے مین ایونٹ میں کوڈی روڈز کو شکست دے کر ریکارڈ 17ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریسلر نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں 17 مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل جان سینا اور رک فلیئر مشترکہ طور پر 16، 16 بار ورلڈ چیمپئن بن چکے تھے۔
ولن کا روپ اور نئی پہچان
جان سینا نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک ہیرو یا مثبت کردار (فیس) کے طور پر ریسلنگ کی دنیا میں راج کیا، تاہم ایلیمینیشن چیمبر میچ کے بعد انہوں نے اچانک ولن (Heel) کا کردار اختیار کرتے ہوئے کوڈی روڈز پر حملہ کر دیا اور دی راک کا ساتھ دے کر اپنی شخصیت کو مکمل طور پر بدل دیا۔یہ پہلا موقع تھا کہ جان سینا 2003 کے بعد دوبارہ ولن کے روپ میں نظر آئے۔ سینا نے 6 نومبر 2003 سے اب تک 7786 دن بطور ہیرو گزارے، جو کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا سب سے طویل دورانیہ ہے۔ اس کارنامے پر انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دوسری بار شامل کیا گیا۔
ریسل مینیا 41 کا متنازعہ فائنل
ریسل مینیا 41 میں سینا کی جیت متنازعہ رہی۔ میچ کے دوران ٹریوس اسکاٹ نے مداخلت کرتے ہوئے ریفری کو باہر گھسیٹ لیا، جس کے نتیجے میں کوڈی روڈز کی یقینی جیت روک دی گئی۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سینا نے چیمپئن شپ بیلٹ کو بطور ہتھیار استعمال کیا اور فتح حاصل کی۔
ریسلنگ کو خیرباد
جان سینا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 میں کسی بھی وقت ریسلنگ سے مستقل ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ 2 دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے اختتام سے قبل وہ اب ایک ولن ریسلر کے طور پر اپنے کیریئر کی آخری لڑائیاں لڑ رہے ہیں۔مداحوں کے لیے یہ لمحہ جہاں تاریخی خوشی کا باعث ہے، وہیں ایک دور کے خاتمے کا آغاز بھی ہے۔