گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا جاری،کل ڈی جی ہیلتھ آفس کے باہر احتجاج کی کال، وارڈز میں بھی علاج بری طرح متاثر
لاہور،راولپنڈی(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)پنجاب میں ہسپتالوں کی نجکار ی کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کا چیئرنگ کراس مال روڈ پر دھرنا تیرہویں روز بھی جاری رہا جبکہ پولیس کے ناروا رویہ کیخلاف صدر وائے ڈی اے کی کال پرگزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز میں ہڑتال کی گئی جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نیکل سوموار کو ڈی جی ہیلتھ آفس کے باہر احتجاج کی کال دیدی۔18اپریل کو سی ایم ہائوس کی طرف دھرنا منتقلی کے دوران پولیس کی جانب سے واٹرکینن کے استعمال پر وائے ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی آئوٹ ڈورز غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس پرہفتہ کے روز ہڑتال 80فیصد تک کامیاب رہی ،مریضوں کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں مشکلات کا سامنا رہا۔ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی ہڑتال پرمختلف وارڈز میں داخل مریضوں کا علاج بھی بری طرح متاثر ہوا۔دوسری جانب گرینڈ ہیلتھ الائنس نے کل سوموار کوڈی جی ہیلتھ پنجاب کے آفس کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے سکیورٹی کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ وائے ڈی اے کی کال پر راولپنڈی کے 3 بڑے ہسپتالوں میں او پی ڈیز مکمل بند کر دی گئیں۔ بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈیز میں علاج معالجہ معطل ہونے پرمریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ وائے ڈی اے بینظیر بھٹو ہسپتال کے صدر ڈاکٹر عارف عزیز کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، احتجاج جاری رہے گا۔ لاہور میں پرتشدد کارروائیوں کا شکار بننے والے ڈاکٹرزسے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،مطالبات منظور نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔