جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران کا ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کا بائیکاٹ

جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا ،وکلا عدالت سے باہر چلے گئے
توشہ خانہ ٹو  میں بریت کی درخواستیں جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت ملتوی 
راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کردی، عمران خان اور ان کے وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔سماعت میں عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی متوقع تھی تاہم ان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدام ناقابل قبول  ہے۔پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے خلاف درخواست دائر کرنا دراصل کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔عدالت نے عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔بعدازاں جیل حکام نے عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا، عمران خان کے وکیل نے بات کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے وکیل فیصل ملک کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں بات کرنے کی اجازت دیدی۔بعدازاں وکیل فیصل ملک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان کا حکم ہے ہم اس کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے ، وکلا کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔بعدازاں عدالت نے استغاثہ کے2گواہان سب انسپکٹر سلیم قریشی اور سب انسپکٹر منظور شہزاد کے بیانات قلمبند کیے، انہوں نے عدالت کو 13 یو ایس بی فراہم کیں جن میں 9 مئی سے متعلقہ عمران خان کی 40 ویڈیوز، دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیو کلپس اور اخباری تراشے شامل تھے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہاکہ روسٹر چیک کرکے آگاہ کردیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ ایک ماہ سے کیسز تیزی سے چل رہے ہیں ، پیر کو فیصلہ سنائے جانے کی امید ہے، لہٰذا بریت کی درخواستیں اسی روز مقرر کی جائیں، اگر درخواستیں پیر کو مقرر نہ ہوئیں تو ٹرائل کورٹ فیصلہ سنا دے گی اور ہم واپس نہیں آئیں گے،جس کے بعد اپیل میں مزید وقت ضائع ہو گا،جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ روسٹر دیکھ کر فیصلہ کریں گے، پیر کو کیسز مقرر کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔