لندن(آئی این پی )برٹش پاکستانی سیاستدان اور لندن کے میئر صادق خان کو برطانیہ کے اعلی ترین شہری اعزازات میں سے ایک نائٹ ہڈ سے نوازا گیا۔ بکھنگم پیلس میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے صادق خان کو یہ اعزاز عطا کیا۔صادق خان سن 2016 سے لندن کے میئر کے عہدے پر فائز ہیں، اور وہ برطانوی تاریخ کے پہلے شخص ہیں جو مسلسل تیسری مرتبہ اس اہم ترین شہری منصب پر منتخب ہوئے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نائٹ ہڈ سے نوازا گیا۔اعزاز ملنے کے بعد اپنے ردعمل میں صادق خان نے کہا کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ مجھے اس قدر بڑا اعزاز ملے گا۔ یہ میرے لیے بڑے فخر اور شکرگزاری کا لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لندن کے عوام سے کیے گئے وعدے پر قائم رہتے ہوئے جاں فشانی سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔