مریم اورنگزیب کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی کا جلال پور پیر والا شہر اور موٹر وے سائیٹ کا معائنہ کیا، متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا
لاہور‘فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش‘مون سون کا سلسلہ ختم، آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں: ڈی جی پی ڈی ایم اے
ملتان‘لاہور‘(آئی این پی )وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر جلال پور پیر والا شہر کی سیلاب سے حفاظت کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی کامسلسل دوسرے روز اجلاس ہوا جس میں موٹروے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وصوبائی وزرا اورمختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ٹیکنیکل کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہائو اور شدت میں کمی آرہی ہے، جلال پور پیر والا ابھی محفوظ ہے، جلال پور پیر والا میں جمع سیلابی پانی کی سطح میں بھی کمی آرہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی نے جلال پور پیر والا شہر اور موٹر وے سائیٹ کا معائنہ کیا، دمر والا ،کھروڑہ فاضل، مڈوالہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا‘دریں اثناء لاہور اور فیصل آباد سمیت متعدد شہروں میں بارش ہوئی‘ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے مون سون 2025اب مکمل ختم ہوچکا ، آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، تمام دریائو ں میں اب صورتحال نارمل ہوگئی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ سیلابی کیفیت میں جو بھی صورتحال ہوئی، اس کے بارے آگاہ کریں گے، تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، ستلج میں پانی کا بہا ئوتھوڑا سا زیادہ ہے۔