رواں ہفتہ ’’ تشکر‘‘ کے طور پر منایا جائے گا:وفاقی وزیر مذہبی امور

سعودی عرب کے قومی دن پر تقریبات، پاک،سعودیہ دوستی اور دفاعی معاہدے کو اجاگر کیا جائے گا
 پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوطی امت مسلمہ کی مضبوطی ہے:سردار محمد یوسف کی علماء سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کو’’ہفتہ تشکر‘‘ کے طور پر منایا جائے گا، جس میں سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہوں گی۔ یہ تقریبات پاک-سعودیہ دوستی اور معاہدے کی کامیابی کو اجاگر کریں گی۔سردار محمد یوسف نے مختلف مکاتبِ فکر کے علما سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے خطبات جمعہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے نمازِ جمعہ کے موقع پر خصوصی دعا کرائی جس میں دونوں ممالک کی مضبوطی، قیادت کی درازیِ عمر اور صحت کی دعا کی گئی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب عالم اسلام کے ستون ہیں اور دونوں ممالک کی مضبوطی پوری امت مسلمہ کی مضبوطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے اور اب پورا عالم اسلام ناقابلِ تسخیر بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔