وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی اسلام آباد خودکش دھماکے کی شدید مذمت

 دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں: سردار محمد یوسف
 اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد کے جی الیون کچہری کے باہر ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔