لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی 10 سال کی سزا کے خلاف اپیل پر اسپیشل پراسیکیوٹر کو تیاری کے لیے مہلت دے دی۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بینچ نے سماعت کی، جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم بھٹی پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی فائل کل موصول ہوئی ہے اور عدالت کو کچھ وقت دیا جائے تاکہ وہ تیاری مکمل کر سکے۔اس سے قبل، عدالت نے مجرمان کے مقدمات کا ریکارڈ اور وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کیا تھا۔ تھانہ شادمان کے جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں ٹرائل کورٹ نے مجرم کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔دوسری جانب، لاہور ہائی کورٹ میں 51 مجرموں کی نو مئی کے مقدمے میں سزا کے خلاف اپیلوں پر بھی سماعت ہوئی۔
عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کو مزید تیاری کے لیے مہلت دے دی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں مجرمان کے وکلاء پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف تھا کہ مجرمان کو مختلف عدالتوں اور ملٹری کورٹس نے سزا سنائی، اور کئی مرکزی ملزمان سزا مکمل کرکے گھروں کو جا چکے ہیں، مگر انسداد دہشت گردی عدالت نے انہیں 5 سے 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے وکلاء اور پراسیکیوٹر کو دلائل کے لیے طلب کر رکھا ہے۔