جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار پر کریک ڈا ئون،29گرفتار

 درجنوں جنگلی پرندے اور نیٹنگ گئیرز بر آمد، 12 کے خلاف مقدمات درج
 وائلڈ لائف رینجرز کی کامیاب کارروائیاں، بھاری جرمانے اور پرندے آزاد
لاہور (کرائم رپورٹر)سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبے بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار، کاروبار اور قبضہ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی زیرِ قیادت وائلڈ لائف ٹیموں نے مختلف اضلاع میں متعدد کامیاب چھاپے مارے۔ان کارروائیوں کے نتیجے میں فیصل آباد، اوکاڑہ، خوشاب، لیہ، خانیوال، ملتان، لودھراں، راولپنڈی، بہاولنگر، بہاولپور، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں سے فالکن، تیتر، بٹیر، جنگلی خرگوش، سانڈھوں اور سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث 29 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضہ سے درجنوں جنگلی پرندے اور 6 نیٹنگ گئیرز بر آمد کیے گئے، جب کہ 12 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج اور باقی کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اوکاڑہ محمد سرفراز نے فالکن کے ایک شکاری کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے کبوتر، بٹیر اور دو گزے تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرایا۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ریجن نعیم طاہر کی نگرانی میں نورپور تھل سے فالکن کے شکار کے لیے استعمال ہونے والے 25 کبوتر اور 26 دو گزے بر آمد کیے گئے۔بہاولپور میں طارق عباس نے بٹیر کے دو شکاریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائیں۔راولپنڈی میں رضوانہ عزیز نے سانڈھوں، چڑیوں اور تیتر کے غیر قانونی شکار اور کاروبار پر تین چالان کر کے ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا اور پرندوں کو آزاد کر دیا۔چکوال میں محمد عمران نے تیتر، سور اور خرگوش کے شکار پر تین ملزمان کو ایک لاکھ تیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔فیصل آباد میں نمرہ رشید نے ایک بٹیر نیٹنگ گئیر ضبط کیا۔لیہ میں کاشف حمید نے فالکن کے ایک شکاری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ملتان میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں خانیوال، ملتان اور لودھراں کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائیوں میں فالکن اور بٹیر کے چار نیٹنگ گئیرز ضبط کیے، فالکن کے شکاری کے خلاف مقدمہ درج کیا اور متعدد شکار کیمپنگ سائٹس مسمار کر دیں۔بہاولنگر میں فالکن کے تین شکاری گرفتار کر کے گئیرز اور پرندے قبضے میں لے کر ایف آئی آرز درج کی گئیں۔اٹک میں شاہزیب خورشید نے تیتر، کبوتر اور رشین ڈو کے چار شکاریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کیں اور بٹیر کے ایک شکاری کو 52 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا۔ڈیرہ غازی خان ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں ٹیموں نے فالکن اور مرغابی کے غیر قانونی شکار پر چھ ملزمان کو گرفتار کر کے مالِ مقدمہ، پرندے اور آلاتِ شکار ضبط کیے اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔