بس میں مسافر خاتون سے نازیبا حرکات کرنیوالا ہیڈ کانسٹیبل گرفتار

 پٹرولنگ پولیس کے عدیل کی بس میں بیٹھی خاتون سے چھیڑخانی، ویڈیو وائرل 
 ملزم معطل ،انکوائری کمیٹی تشکیل ،وزیرِ اعلیٰ کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب 
بھیرہ (خصوصی رپورٹ)بس میں مسافر خاتون سے نازیبا حرکات کرنے والے پٹرولنگ پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پٹرولنگ پولیس چک سیدا بھیرہ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل عدیل لاء￿  اینڈ آرڈر ڈیوٹی کے سلسلے میں مریدکے آیا ہوا تھا کہ گوجرانوالہ کے قریب بس میں سوار ایک نامعلوم خاتون، جو اگلی سیٹ پر بیٹھی تھی، سے اس نے چھیڑخانی شروع کر دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔واقعہ منظرِ عام پر آتے ہی اعلیٰ پولیس افسروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ پولیس کے نظم و ضبط اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے۔ترجمان پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے مطابق ملزم کو محکمانہ طور پر بھی معطل کر دیا گیا ہے اور انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو 24 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔