آپریٹرز ڈائریکٹوریٹ آف ٹورسٹ سروسز کیساتھ رجسٹریشن مکمل کریں :سیکرٹری ٹورازم
لاہور( کرائم رپورٹر)سیکرٹری ٹورازم، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ہوٹلز، ریسٹورنٹس، ٹریول ایجنسیز اور ٹور آپریٹرز کو ایک فعال، پائیدار اور متحرک سیاحتی شعبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ صوبہ بھر میں سیاحتی کاروبار کے فروغ کے لیے مئوثر اقدامات کر رہا ہے۔سیاحت سے متعلق کاروبار کی رجسٹریشن اور رینوئیل کے عمل کا جائزہ لینے والی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے تمام ٹورازم آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹورسٹ سروسز کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ حکومتی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ سیکرٹری سیاحت نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ نے ڈیجیٹل رجسٹریشن اور رینیول سسٹم متعارف کروایا ہے جس سے عمل میں شفافیت، آسانی اور سہولت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹورسٹ سروسز کے تحت کل 1,105 اداروں کی رجسٹریشن اور رینیول کی گئی، جن میں 523 نئی رجسٹریشنز اور 582 رینیولز شامل ہیں، جن سے صوبائی خزانے کے لیے 25.58 ملین کی آمدن حاصل ہوئی۔ نئی رجسٹریشنز میں 184 ہوٹلز، 29 7 ریسٹورنٹس، 41 ٹریول و ٹور آپریٹرز اور 1 ٹورسٹ گائیڈ شامل ہیں، جبکہ 116 ہوٹلز، 65 ریسٹورنٹس، 396 ٹریول و ٹور آپریٹرز اور 5 ٹورسٹ گائیڈز نے اپنے لائسنس رینیو کرائے۔