حمزہ شہباز کا وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

 ڈیجیٹل میڈیا عوام سے بروقت رابطے اور حکومتی اقدامات اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے:حمزہ شہباز
منفی پروپیگنڈے اور جعلی خبروں کی روک تھام اہم ذمہ داری ہے:وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (آن لائن)  مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ (ڈی سی ڈی) کا دورہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء  اللہ تارڑ نے حمزہ شہباز شریف کو ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں، دائرہ کار اور امورِ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ حمزہ شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے شعبے میں وزارت اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی ترسیل اور عوام سے رابطے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور من گھڑت خبروں کی روک تھام ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات اور قومی بیانیے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی ڈیجیٹل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا عوام تک معلومات کی بروقت رسائی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔