تاوان کیلئے اغوا بچہ لادی گینگ سے بازیاب

 لاہور (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے محفوظ پنجاب ویڑن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) محمد طارق ولایت کی بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ قیادت میں تھانہ کوٹ مبارک پولیس نے لادی گینگ کے قبضے سے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے 15 سالہ بچے محمد صدیق کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کم عمر صدیق کو موضع عمرانی سے لادی گینگ کے کارندوں نے ایک کروڑ روپے تاوان کے مطالبے پر اغوا کر لیا تھا۔ ملزمان بچے کو پہاڑی علاقے میں لے گئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کی ہدایت پر پولیس کی تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی، خفیہ اطلاعات اور مئوثر حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کا آغاز کیا۔تھانہ کوٹ مبارک پولیس نے خطرناک پہاڑی علاقے میں جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے ٹھکانے پر ریڈ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران اغوا کار اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے تاہم مغوی بچہ بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ پولیس نے موقع سے ملزمان کا چھوڑا ہوا اسلحہ برآمد کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ڈی پی او کیپٹن (ر) طارق ولایت نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ڈیرہ غازی خان پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ادھر بچے کی بحفاظت بازیابی پر والدین، اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے ڈی پی او اور پولیس ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور پولیس کی جرات و پیشہ ورانہ کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔