عثمان کو 4افراد نے 14اکتوبر کوگن پوائنٹ پرگاڑی میں بٹھایا،سی سی ٹی وی ویڈیو مل گئی
تھانہ شمس کالونی میں اغواکاروں کیخلاف مقدمہ درج ، پولیس نے تفتیش شروع کردی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نیشنل سائبر کرائم ایویسٹی گیشن ایجنسی محمد عثمان کو نامعلوم مسلح افراد نے اسلام آباد میں رہائشی عمارت زاہرا ہائٹس میں واقع ان کیگھرسے اغوا کر لیا،ذرائع کے مطابق واقعہ 14 اکتوبر کو شام 7سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا، جب 4مسلح افراد نے سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں آ کر افسر کی گاڑی روکی اور انہیں گن پوائنٹ پربٹھاکر لے گئے، واردات کی مکمل ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی ہے، جس میں ملزم اور ان کی گاڑی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے،روزینہ عثمان نے تھانہ شمس کالونی کے ایس ایچ او کو بتایا کہ ان کے شوہر محمد عثمان این سی سی آئی میں ڈی ڈی آپریشنز تعینات ہیں اور نہایت ہی حساس نوعیت کے کیسز پر کام کررہے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ چار نامعلوم مسلح افراد ایک گاڑی میں ان کے گھر بواقع زاہرا ہائٹس H-13 میں آئے اور انکے شوہر کو گن پوائنٹ پر اغواکر لیا، پولیس نے نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔