راولپنڈی: انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرے۔تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت کی۔ اس کیس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق سماعت کے دوران 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان غیر حاضر رہیں۔ عدالت میں استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مالِ مقدمہ سمیت پیش ہوئے۔عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل تیسری مرتبہ غیر حاضری پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، جبکہ ان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
مزید برآں، عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی کہ علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کی جائے۔ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ گزشتہ برس راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ، اشتعال انگیزی اور پولیس سے مزاحمت کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگلی سماعت پر علیمہ خان کو ہر صورت میں پیش کیا جائے۔