بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے ہیں، جب کہ ان پر فردِ جرم عائد کرنے کی نئی تاریخ 13 اکتوبر مقرر کر دی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ علیمہ خان عدالت میں پیش ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔سماعت کے دوران علیمہ خان پر فردِ جرم عائد نہ کی جا سکی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے وکیل موجود نہیں ہیں، لہٰذا کارروائی مؤخر کی جائے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر، 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔جج امجد علی شاہ نے سماعت کے دوران دو غیر حاضر ملزمان عاطف ریاض اور اکرام کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔