لاہور: صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہر بھر میں مچھروں کی افزائش روکنے کے اقدامات کے باوجود صورتحال قابو میں نہ آسکی، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے 9 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال زون 3 اور داتا گنج بخش زون سے 2،2 کیسز سامنے آئے، جب کہ عزیز بھٹی اور گلبرگ زون میں ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا۔ اسی طرح سمن آباد اور شالامار زون میں بھی ایک، ایک نیا کیس سامنے آیا۔محکمہ صحت کے مطابق رواں سیزن میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مشتبہ مریضوں کی آمد مسلسل جاری ہے، تاہم بیشتر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی مہم اور اسپرے مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے، کیونکہ بیشتر علاقوں میں اب بھی بارش کے بعد جمع پانی اور کچرے کے ڈھیر ڈینگی مچھر کی افزائش کا باعث بن رہے ہیں۔محکمہ صحت پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں، چھتوں اور آس پاس کے مقامات پر پانی جمع نہ ہونے دیں، مکمل آستینوں والے کپڑے پہنیں، اور بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ڈینگی سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔