لاہور میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی، جس کے دوران 22 لاکھ 77 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
مقررہ ہدف 22 لاکھ 30 ہزار کے مقابلے میں مہم نے اپنے مقاصد سے زیادہ کامیابی حاصل کی۔مہم کے اختتام پر ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈبلیو ایچ او کے مبصرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مہم کی کارکردگی اور اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔رپورٹ کے مطابق مہم کے دوران فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں اور مانیٹرنگ کا عمل مؤثر انداز میں جاری رہا۔ کیچ اپ دنوں میں 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد رہ جانے والے بچوں کو بھی کور کر لیا گیا۔
عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر پولیو مہم مثالی رہی۔اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے پولیو ٹیموں اور اسسٹنٹ کمشنرز کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا:“پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ محنت اور لگن اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔”