پشاور پولیس نے اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشن ’’اسٹریٹ فائٹ‘‘ شروع کردیا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان چار مبینہ مقابلوں میں تین خطرناک ڈکیت ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پشاور پولیس کے مطابق تھانہ پھندو، تھانہ فقیر آباد، تھانہ پہاڑی پورہ اور تھانہ پشتخرہ کی حدود میں کارروائیاں کی گئیں۔ ان علاقوں میں سنگین مقدمات میں مطلوب اسٹریٹ کرمنلز اور اسنیچرز کے ساتھ پولیس کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فقیر آباد میں ہونے والے مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور سرکاری پولیس موبائل پک اَپ کو نقصان پہنچا، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ناصر عرف گڑہ ولد مشتاق، سکنہ پھندو، زاہد ولد شیر خان، سکنہ چارسدہ حال مقیم لعل دین کالونی، اور نعیم ولد شاکر، سکنہ ہزار خوانی کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ عبد الرحمن ولد تاج محمد، سکنہ یوسف آباد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان خونی رہزنی، ڈکیتی، سرکاری ملازم کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں اور آئس فروشی سمیت متعدد سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔کارروائیوں کے دوران پولیس نے اسلحہ اور مبینہ طور پر مسروقہ موبائل فونز بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران بعض دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے تلاش اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔