کینیڈا میں گولڈی برار کی گرفتاری کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

کینیڈا میں گولڈی برار کی گرفتاری کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

کینیڈا نے بھارتی نژاد گینگسٹر گولڈی برار کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب مفرور ملزمان کی فہرست میں پہلے نمبر پر شامل کرتے ہوئے اس کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والی معلومات پر ڈھائی لاکھ کینیڈین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے عوامی تحفظ کے پروگرام ’بولو‘ نے گولڈی برار کی تلاش کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ پروگرام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس ملزم کے ٹھکانے یا نقل و حرکت سے متعلق کوئی مستند معلومات موجود ہیں تو وہ متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔گولڈی برار کا اصل نام ستندرجیت سنگھ ہے۔ وہ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں سکھدول سنگھ گل کے قتل کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب ہے۔ پولیس نے فروری 2026 میں گولڈی برار اور اس کے ایک ساتھی کے خلاف قتل اور قتل کی سازش کے الزامات کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔دوسری جانب امریکا کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی بھی گولڈی برار کی تلاش میں سرگرم ہے۔ امریکی حکام نے اسے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے اور اس کی گرفتاری میں مددگار معلومات فراہم کرنے پر 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام مقرر کیا گیا ہے۔