چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و دیگر کی تنخواہیں ڈھائی لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کیوں بڑھیں؟ وزیر خزانہ نے وضاحت دے دی

چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و دیگر کی تنخواہیں ڈھائی لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کیوں بڑھیں؟ وزیر خزانہ نے وضاحت دے دی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بجٹ کے بعد کی پریس کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر، اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں غیرمعمولی اضافے پر سوال کیا گیا۔

صحافی نے سوال اٹھایا کہ آیا ان شخصیات کی تنخواہیں ڈھائی لاکھ روپے سے بڑھا کر 21 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہیں؟ اس پر وزیر خزانہ نے جواب دیا:"یہ دیکھنا ہوگا کہ وزراء، وزرائے مملکت، اور پارلیمنٹیرینز کی تنخواہیں آخری بار کب بڑھی تھیں۔ کابینہ کے وزراء کی تنخواہوں میں آخری اضافہ 2016 میں ہوا تھا۔"انہوں نے کہا کہ اگر ہر سال تھوڑا تھوڑا اضافہ کیا جاتا تو موجودہ یکمشت اضافہ اتنا بڑا محسوس نہ ہوتا۔محمد اورنگزیب نے وضاحت کی کہ:"جب ہم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بات کرتے ہیں تو وزراء کی تنخواہیں بھی اسی نظام کا حصہ ہیں، ان کا بھی اضافہ ہونا چاہیے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ:"میں نے کسی چیز کو اوپر جانے کے بعد نیچے آتے نہیں دیکھا، لیکن ہم نے کچھ ایسی چیزیں ریورس کی ہیں جو پہلے کبھی واپس نہیں ہوئی تھیں۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ ٹیکسوں میں کمی لائیں۔"واضح رہے کہ بجٹ کے بعد سامنے آنے والے اس معاملے پر عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید جاری ہے، جہاں کئی افراد نے معاشی بحران کے دوران اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کی تنخواہوں میں بڑے اضافے پر سوالات اٹھائے ہیں۔