ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 جاری، پاکستان 119ویں نمبر پر

ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 جاری، پاکستان 119ویں نمبر پر

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس (EGDI) 2026 میں نمایاں پیشرفت کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری حاصل کرلی اور 119ویں نمبر پر آگیا۔

 پاکستان کی مجموعی درجہ بندی میں یہ بہتری ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر اور انسانی سرمائے کے اشاریوں میں اضافے کے باعث سامنے آئی ہے۔حالیہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں گزشتہ جائزے کے مقابلے میں 23 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملک کا مجموعی اسکور 2024 میں 0.5096 سے بڑھ کر 2026 میں 0.6264 ہوگیا ہے۔ اس پیشرفت کے ساتھ پاکستان نے گزشتہ چار برسوں کے دوران مجموعی طور پر 31 درجے بہتری حاصل کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے آن لائن سروسز انڈیکس میں 20 فیصد جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر میں 39 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح انسانی سرمائے کے اشاریے میں بھی 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے اور ملک میں رابطوں کے نظام کو بہتر بنانے میں پیشرفت ہوئی ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں بھی اضافہ

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل معیشت کو وسعت دینے اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ان منصوبوں میں ٹیلی کام اسپیکٹرم کی نیلامی، فائبر براڈ بینڈ نیٹ ورک کی توسیع، نئی سب میرین کیبلز، گوگل کے دفتر کے قیام اور شہریوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔