الیکشن کمیشن نے عطا اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فیصلہ محفوظ کرلیا

الیکشن کمیشن نے عطا اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران وفاقی وزیر اپنے وکیل کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عطا اللہ تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کا گوجرانوالہ کا دورہ کسی انتخابی مہم یا سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں تھا بلکہ وہ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے۔وکیل نے بتایا کہ دعوت الیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے دی گئی تھی اور دورے کے دوران وہاں کوئی امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عطا اللہ تارڑ ایک ذمہ دار پارلیمنٹیرین ہیں اور وہ ایسا کوئی اقدام نہیں کرسکتے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔

سجیل سواتی نے الیکشن کمیشن کے سامنے غیر مشروط معذرت بھی پیش کی اور کہا کہ دورے کا مقصد انتخابی مہم چلانا نہیں تھا۔ اس حوالے سے تحریری جواب بھی پہلے ہی کمیشن میں جمع کروایا جا چکا ہے۔دوسری جانب سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کی بہت عزت کرتے ہیں اور انہوں نے غیر مشروط معذرت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کا دورہ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر کیا تھا، جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے اور دعوت الیکشن شیڈول سے پہلے موصول ہوئی تھی۔

نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق مؤقف

نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق سوال پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس معاملے پر ان کی جماعت کا مؤقف واضح ہے۔ قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے اور عوام سے رائے لی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق عوام کی اکثریتی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے، اگر عوام صوبوں کی تشکیل کے حق میں نہیں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ حمایت کی صورت میں اس پر پیش رفت کی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اور عوامی اہمیت کے معاملات پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ آئین میں ریفرنڈم سے متعلق شق واضح ہے، اس لیے عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔عطا اللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں مختلف معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔