اسلام آباد (ویب ڈیسک): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یہ کیس دو رکنی کمیشن نے سنا جس کی سربراہی ممبر سندھ کر رہے تھے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے آگاہ کیا کہ عوامی راج پارٹی کے صدر جمشید دستی نے استعفیٰ دیا ہے تاہم پارٹی کی جانب سے اس استعفیٰ کی تصدیق نہیں کی جارہی۔ مزید بتایا گیا کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے بھی اس معاملے پر کوئی جواب جمع نہیں کرایا۔اس موقع پر ممبر کے پی جسٹس (ر) اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیے کہ جمشید دستی نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، لہٰذا وہ بیک وقت دو پارٹیوں کے رکن کس طرح رہ سکتے ہیں؟فریقین کے مؤقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے عوامی راج پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔