علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر جلد سماعت کی منظوری،

علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر جلد سماعت کی منظوری،

 لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر جلد سماعت کی استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ علیمہ خان کی نظر بندی کے احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کی جانب سے کیس کی جلد سماعت کے لیے دائر متفرق درخواست پیش کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔شاہریز خان نے اپنی درخواست میں پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے علیمہ خان کی نظر بندی کے احکامات غیر قانونی طور پر جاری کیے اور اس سلسلے میں تھری ایم پی او کے تحت طے شدہ قانونی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے، حالانکہ پولیس مقدمہ نمبر 96/23 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بے گناہ قرار دے چکی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کردہ نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے اور متعلقہ حکام کو غیر قانونی اقدامات سے روکا جائے۔درخواست کے مطابق عظمیٰ خان اور نورین نیازی پہلے ہی رہا ہوچکی ہیں، جبکہ علیمہ خان کی نظر بندی کے معاملے پر عدالتی مداخلت کی استدعا کی گئی ہے۔