اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی بھائی کی قید کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود پیغام بھیجا ہے کہ "انہیں نظر نہیں آرہا" اور ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو ان تک رسائی دی جائے۔ ان کے مطابق جب تک ذاتی معالج ان کے ساتھ نہیں آئیں گے، وہ کسی کی بات پر یقین نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ فیملی اور ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے تاکہ حقیقی صورتحال سامنے آئے۔ علیمہ خان نے بتایا کہ ملاقات نہ کرائے جانے کی وجہ سے فیملی شدید پریشان ہے اور صورتحال کے حوالے سے مکمل شفافیت ہونی چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عظمیٰ خان نے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیماری ہے تو اسے فوراً منظر عام پر لایا جائے اور چھپایا نہ جائے، تاکہ شفافیت کے ساتھ اقدامات کیے جا سکیں۔پی ٹی آئی کے اہلکاروں اور فیملی کا کہنا ہے کہ بانی پارٹی کی قید تنہائی میں ہے اور ان کی صحت کے بارے میں عوام اور پارٹی کو درست معلومات فراہم کی جائیں۔