خیبرپختونخوا میں گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے گرین رکشہ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 سکیم کے تحت مستحق افراد کو رکشے چار سال کی آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، جبکہ حکومت مجموعی قیمت کا 50 فیصد بطور سبسڈی ادا کرے گی۔مشیر ٹرانسپورٹ آصف رفیق کے مطابق گرین رکشہ سکیم کا بنیادی مقصد عام شہریوں، خصوصاً روزگار کے مواقع کے منتظر افراد کو اپنے روزگار کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکومت اس منصوبے کے ذریعے شہریوں کو آسان شرائط پر رکشے فراہم کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت مستحق افراد کو رکشوں کی قیمت کا نصف خود ادا کرنا ہوگا، جبکہ باقی 50 فیصد رقم حکومت سبسڈی کی صورت میں برداشت کرے گی۔ رکشوں کی ادائیگی کے لیے چار سال کی آسان اقساط مقرر کی جائیں گی تاکہ شہریوں پر یکمشت مالی بوجھ نہ پڑے۔مشیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گرین رکشہ سکیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے روزگار کی فراہمی کے ساتھ ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب پشاور ماس ٹرانزٹ بس سروس کی آمدن میں اضافے کے لیے سالانہ دو ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ آصف رفیق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ہدف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے اور بس سروس کے انتظامی و مالی معاملات کو مزید بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ بس سروس کی آمدن بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور نظام کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔مشیر ٹرانسپورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔