لاہور میں رشوت طلب کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
پولیس نے دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار اہلکاروں نے ایک شہری سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ ملزمان نے کھلونا پستول کے سامان کو آتش بازی کا مواد قرار دے کر شہری کو ہراساں کیا اور مبینہ طور پر اسے دباؤ میں لا کر رقم کا مطالبہ کیا۔گرفتار اہلکاروں کی شناخت خرم شہزاد اور راشد وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ خرم شہزاد پنجاب کانسٹیبلری میں تعینات تھا، جبکہ راشد وسیم چوکی راجہ مارکیٹ میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف تھانہ راوی روڈ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کو پولیس اہلکاروں کے اختیارات کے ناجائز استعمال اور دباؤ کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔