لاہور میں شہری نے پرانی موٹرسائیکل کو نئی ظاہر کرکے فروخت کرنے کے الزام پر دکاندار کے خلاف صارف عدالت سے رجوع کر لیا، اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
سبزہ زار کے رہائشی شکیل احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے منٹگمری روڈ سے 60 ہزار روپے میں موٹرسائیکل خریدی، جسے خریداری کے وقت نئی قرار دیا گیا تھا۔درخواست کے مطابق بعد میں معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل دراصل پرانی ہے جسے رنگ و روغن کرکے نئی شکل دی گئی اور دھوکے سے بیچا گیا۔صارف عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے دکاندار پرویز کو نوٹس جاری کر دی ہے اور 17 جون کو جواب طلب کر لیا ہے۔