کراچی: اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) گلبرگ ڈویژن نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پولیس اہلکار وریام خان ولد دینو مگسی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق گرفتار ملزم گلشن اقبال تھانے میں تعینات تھا، جس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل، اسلحہ اور ماسٹر چابیاں برآمد ہوئی ہیں، جو موٹر سائیکلوں کے تالے کھولنے کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ترجمان نے بتایا کہ دو مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں بھی وریام خان کو ماہر انداز میں موٹر سائیکل چوری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔بیان کے مطابق ملزم ماضی میں ناجائز اسلحہ کیس میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ وریام خان چوری شدہ موٹر سائیکلیں منشیات فروشوں کو فروخت کرتا تھا، جبکہ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج ہیں۔