اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعے کی صبح اسلام آباد پولیس کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیو اے ٹی) فورس کے حوالے 20 نئی گاڑیاں کر دیں، جن کا مقصد فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو مؤثر بنانا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل کو نئی گاڑیوں کی علامتی چابیاں پیش کیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا اور ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فورس کی ذمہ داریوں اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئی گاڑیوں کی فراہمی سے ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال میں زیادہ مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فرسٹ ریسپونڈر کے طور پر فوری کارروائی کرے گی۔ نئی گاڑیاں فورس کو بروقت جائے وقوعہ پر پہنچنے اور ضروری کارروائی میں معاونت فراہم کریں گی۔