ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف سپر اسٹار اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن المعروف دی راک نے ایک بار پھر ریسلنگ رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
وہ 28 نومبر 2026 کو امریکی شہر ہیوسٹن، ٹیکساس میں ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے بڑے ایونٹ ’’سروائیور سیریز‘‘ میں شرکت کریں گے۔دی راک نے پیٹ میکافی شو میں گفتگو کے دوران ایونٹ میں اپنی شرکت کی تصدیق کی۔ ان کی یہ تقریباً دو سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی پیشی ہوگی، جس کے بعد ریسلنگ شائقین میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔رواں سال کی سروائیور سیریز دی راک کے لیے خصوصی اہمیت بھی رکھتی ہے کیونکہ 1996 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کے ڈیبیو کو 30 سال مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ’’راکی مائیویا‘‘ کے نام سے کیا تھا، تاہم بعد ازاں ’’دی راک‘‘ کے نام سے عالمی شہرت حاصل کی۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ سروائیور سیریز میں دی راک کا کردار کیا ہوگا اور آیا وہ کسی مقابلے کا حصہ بنیں گے یا صرف خصوصی پیشی دیں گے۔تاہم بلڈ لائن کے ساتھ ان کے سابقہ تعلق کے باعث شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایونٹ میں بلڈ لائن کا وار گیمز مقابلہ بھی شیڈول ہے، جس کے تناظر میں دی راک کی ممکنہ شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔