ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈری ریسلر ’’کاؤ بوائے‘‘ بل واٹس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈری ریسلر ’’کاؤ بوائے‘‘ بل واٹس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ریسلنگ کی دنیا سے افسوسناک خبر سامنے آگئی، ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے معروف لیجنڈری ریسلر اور نامور پروموٹر ’’کاؤ بوائے‘‘ بل واٹس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

 ان کے انتقال کی خبر کے بعد ریسلنگ انڈسٹری میں سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ مداحوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔امریکی ریاست اوکلاہوما میں پیدا ہونے والے بل واٹس نے 1960 کی دہائی میں پروفیشنل ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔ انہوں نے اپنی محنت، منفرد انداز اور شاندار صلاحیتوں کے باعث ریسلنگ کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ بطور ریسلر کامیابیوں کے بعد انہوں نے ریسلنگ پروموٹر کے طور پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔بل واٹس نے 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں مڈ ساؤتھ ریسلنگ کی سربراہی کی اور اس ادارے کو ریسلنگ کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے زیرانتظام کئی نامور ریسلرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جن میں شان مائیکلز اور ٹیڈ ڈی بائیس جیسے معروف نام بھی شامل ہیں۔

بل واٹس کو ریسلنگ انڈسٹری کی ان اہم شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا جنہوں نے اس کھیل کو جدید انداز میں پیش کرنے کے لیے نئی روایات متعارف کروائیں۔ ان کے زیرانتظام ریسلنگ مقابلوں میں صرف مقابلوں پر ہی توجہ نہیں دی جاتی تھی بلکہ شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے ہفتہ وار ڈرامائی کہانیاں بھی پیش کی جاتی تھیں۔انہوں نے ریسلرز کو انفرادی شناخت، منفرد کردار اور مخصوص شخصیت دینے کے تصور کو فروغ دیا، جس سے ریسلنگ مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانے میں مدد ملی۔ ان کے متعارف کردہ انداز نے ریسلنگ کی تشہیر اور پیشکش پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

ریسلنگ انڈسٹری کے لیے ان کی طویل خدمات اور نمایاں کردار کے اعتراف میں انہیں 2009 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ اعزاز ان کے ریسلنگ کیریئر اور پروموٹر کی حیثیت سے خدمات کا اعتراف تھا۔