بچوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم کا نونہالانِ وطن سے شفقت و محبت کا اظہار

بچوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم کا نونہالانِ وطن سے شفقت و محبت کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر بالخصوص پاکستان کے بچوں کے لیے محبت، شفقت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور بہتر مستقبل کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 20 نومبر کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کے دن وہ دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے نونہالوں کے لیے جذبہ شفقت و محبت کا دلی اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں ان کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ پاکستان آج اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما، علمی و فکری تربیت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بچے کسی بھی قوم کے تابندہ مستقبل کے معمار، قومی تہذیب کے پاسبان اور روایات و اقدار کے امین ہوتے ہیں۔ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنا ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی آواز سننے اور ان کے خیالات و حقوق کو اہمیت دینے والا معاشرہ ہی منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ بچوں کو تعلیم، صحت، تحفظ اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں کے لیے مختص یہ عالمی دن اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال (UNCRC) کی منظوری کی یاد میں دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد بچوں کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کو فروغ دینا ہے۔رواں سال بچوں کے عالمی دن کا موضوع ”میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل“ (My Day, My Rights, My Future) ہے، جو بچوں کے بنیادی حقوق، تحفظ، تعلیم اور روشن مستقبل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔