لاہور (کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مشترکہ خط ارسال کر دیا۔ خط لکھنے والوں میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔ خط وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بھجوایا گیا۔ خط کے متن کے مطابق سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے، تاہم وہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کے بجائے آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پی ٹی آئی قیادت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی و ذہنی صحت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ماہر امراض قلب و امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ خط میں دونوں کو فوری طبی سہولیات، ڈاکٹروں تک رسائی، اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد، زیر التوا مقدمات اور اپیلوں کے غیر جانبدارانہ فیصلوں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا ہے۔