جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائوں نے بھی سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

اسلام آباد (آئی این پی)اسیر پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر زیرِ حراست سیاسی رہنماں کے منصفانہ ٹرائل، فوری انصاف اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔خط میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کرتے ہوئے طبی سہولتوں اور اہلخانہ سے رابطے کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق خط شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت پانچ رہنمائوں کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے ارسال کیا گیا۔ اس میں زیرِ حراست سیاسی رہنمائوں کی طویل قید، مقدمات اور سزائوں کے عدالتی عمل پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ اسیر قیادت کسی خصوصی رعایت یا قانون سے استثنی کا مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ آئین کی بالادستی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور تمام زیرِ حراست افراد کے منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنانے کی اپیل کر رہی ہے۔۔خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے مبینہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیا جائے۔