ذاتی رنجش اور مقدمہ بازی پر چھری سے حملہ، نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے
لاہور (کرائم رپورٹر) شاد باغ میں ذاتی رنجش اور مقدمہ بازی کے تنازع پر ماموں نے چھری کے وار کرکے اپنے 18 سالہ بھانجے کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بھانجے اور بہنوئی پر چھری سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں احمد شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شاد باغ پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او کی قیادت میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکار موقع پر موجود اور ورثاء سے رابطے میں ہیں، جبکہ علاقے کی صورتحال پرامن اور سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔