ٹریفک پولیس نے رات گئے خصوصی ناکے قائم کر دیے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے لائسنس معطل
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر سموگ کے تدارک کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رات گئے خصوصی ناکے قائم کر دیے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، جبکہ خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی 13 ہزار 653 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر آلودگی پھیلانے والا سامان لے جانے والی 9 ہزار 306 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسی طرح بغیر فٹنس اور خستہ حال 30 ہزار 618 گاڑیوں، جبکہ اوور لوڈنگ پر 2 لاکھ 71 ہزار 760 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر بھی خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کیے جا رہے ہیں۔ سی ٹی او کے مطابق آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی برقرار رہے گی۔