ٹک ٹاک پر تلخ کلامی جان لیوا بن گئی، نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

ٹک ٹاک پر تلخ کلامی جان لیوا بن گئی، نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

گجرات: سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر کمنٹ کرنے کے معاملے پر مبینہ تلخ کلامی نے ایک نوجوان کی جان لے لی۔

 گجرات کے علاقے منگووال میں ٹک ٹاک کے کمنٹ باکس میں ہونے والے تنازع کے بعد نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ منگووال کی حدود میں واقع گاؤں کیرانوالہ میں پیش آیا، جہاں مقتول عبدالقادر اور ملزم مجتبیٰ کے درمیان سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر کمنٹ کرنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں کے درمیان کمنٹ باکس میں معمولی بات پر اختلاف شروع ہوا، جو بعد ازاں شدت اختیار کرگیا۔پولیس کے مطابق مبینہ طور پر اسی تنازع کی بنیاد پر ملزم مجتبیٰ نے عبدالقادر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ منگووال کی پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس اہلکاروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، جبکہ مقتول کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے گاؤں کیرانوالہ اور اس کے گردونواح میں ناکہ بندی کرکے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے لیے ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔