بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 19 ایک بار پھر سلمان خان کو ملنے والی جان لیوا دھمکیوں کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کی زد میں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شو کی ریکارڈنگ کے دوران ناظرین کے داخلے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ عموماً "ویک اینڈ کے وار" میں مداح سلمان خان کو براہِ راست دیکھنے آتے تھے، لیکن اب حفاظتی اقدامات کے تحت یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔سلمان خان کو پچھلے کئی مہینوں میں بار بار سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں، جنہیں گینگسٹر لارنس بشنوئی سے جوڑا جا رہا ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر بگ باس کی ٹیم نے سکیورٹی مزید بڑھا دی ہے۔
بگ باس کے سی ای او رشی نیگی کے مطابق، شو کے سیٹ پر گزشتہ ڈھائی سال سے حفاظتی اقدامات کو بتدریج سخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 600 اہلکار 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا خلل کو روکا جا سکے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ سلمان خان کو دھمکیاں ملی ہیں۔ ماضی میں بھی لارنس بشنوئی گروہ کی جانب سے انہیں متعدد مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں، جس کے بعد ان کی ذاتی سکیورٹی بھی غیرمعمولی طور پر بڑھائی گئی تھی۔