مانچسٹر: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی مبینہ غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں پی آئی اے کی پرواز نمبر 702 کے 50 سے زائد پاکستانی مسافر مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہی رہ گئے، جبکہ طیارہ مسافروں کو لیے بغیر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگیا۔
مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی مدد کے منتظر رہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 702 کے ذریعے مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والے 50 سے زائد پاکستانی مسافر اس وقت مشکل میں پھنس گئے جب پرواز کی روانگی سے قبل چیک اِن کاؤنٹر بند کر دیا گیا۔ مسافروں کا مؤقف ہے کہ انہیں بروقت پرواز میں سوار ہونے کا موقع نہیں دیا گیا، جس کے باعث وہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہی رہ گئے، جبکہ طیارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔واقعے کے بعد مسافروں میں شدید بے چینی اور پریشانی پھیل گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود پی آئی اے کے معلوماتی کاؤنٹر سے بھی مسافروں کو کوئی خاطر خواہ سہولت یا رہنمائی فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق صورتحال سے دوچار بعض مسافروں کو ہنگامی بنیادوں پر دوسری ایئرلائن کے ذریعے سفر کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جبکہ دیگر مسافر مانچسٹر ایئرپورٹ پر متبادل انتظامات کے منتظر رہے۔
مسافروں کو فوری طور پر اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے نے قومی ایئرلائن کی انتظامی کارکردگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مسافروں کو ایئرپورٹ پر چھوڑے جانے کے معاملے پر پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔متاثرہ مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں، پرواز سے محروم رہ جانے والے مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا ازالہ کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔