کراچی: شہر میں گھر گھر جا کر شہریوں کو ویکسین لگانے کے نام پر سرگرم ایک پراسرار گروہ کی اطلاعات نے حکومتی مشینری کو متحرک کر دیا۔
معاملے کی سنگینی کے پیش نظر سندھ حکومت کے ترجمان بھی حرکت میں آگئے، جبکہ محکمہ صحت کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی سندھ) نے ویکسینیشن سروسز سے متعلق وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔ای پی آئی سندھ نے واضح کیا ہے کہ ویکسی گو (VacciGo) کے نام سے ویکسینیشن سروسز فراہم کرنے والے ادارے کا سرکاری ای پی آئی پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس ادارے کو سرکاری سطح پر ویکسینیشن کی اجازت دی گئی ہے۔ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر راج کمار کے مطابق ای پی آئی سندھ نے ویکسی گو کو ویکسینیشن کی کوئی اجازت یا منظوری نہیں دی۔ ویکسی گو کے نام سے کام کرنے والا کوئی بھی ادارہ سرکاری ویکسینیشن سروس فراہم کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ڈاکٹر راج کمار کا کہنا تھا کہ سرکاری ای پی آئی پروگرام کے تحت معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کی سہولت عوام کو بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں شہریوں سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی۔ تاہم نجی ادارے اپنے طور پر معاوضہ لے کر ویکسینیشن کی خدمات فراہم کر سکتے ہیں، لیکن وہ خود کو سرکاری ای پی آئی پروگرام کا نمائندہ ظاہر نہیں کر سکتے۔
ڈائریکٹر ای پی آئی نے مزید واضح کیا کہ کسی بھی نجی ادارے یا اس کے نمائندوں کو سرکاری ای پی آئی کا نام استعمال کرنے یا خود کو سرکاری نمائندہ ظاہر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ سرکاری ویکسین صرف مستحق افراد کو مجاز ای پی آئی مراکز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔حکام کی جانب سے جاری وضاحت کے بعد شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھر گھر ویکسینیشن کے لیے آنے والے افراد کی شناخت اور متعلقہ ادارے کی اجازت کی تصدیق ضرور کریں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو سرکاری نمائندہ سمجھ کر اپنی معلومات یا رقم فراہم نہ کریں۔