پنجاب بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
مہم کا افتتاح چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر فوکل پرسن پولیو عظمیٰ کاردار نے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر چلڈرن ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی ڈاکٹر مسعود صادق، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نمائندے، ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ فوکل پرسن عظمیٰ کاردار کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس کو مضبوط کیا گیا ہے اور ہر داخلی و خارجی راستے پر پولیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بچے سے ویکسین کی کمی نہ رہ جائے۔ ڈاکٹر مسعود صادق نے بتایا کہ کووڈ کے بعد پولیو وائرس کی واپسی تشویش کا سبب ہے، جس کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر بھرپور کوششیں کرنی ہوں گی۔ ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر کے مطابق، لاہور میں یہ مہم سات روز تک جاری رہے گی۔
تقریب میں ڈاکٹر کلیم اختر اور ڈاکٹر ناصر رانا نے بھی پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔