ویب ڈیسک:نمونیا سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر مریم نواز نے اپنے پیغام میں نمونیا کی روک تھام اور بروقت علاج کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نمونیا ایک خطرناک بیماری ہے جو خصوصاً بچوں اور بزرگوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ اس بیماری سے دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں بچے اور بزرگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں، اس لیے اس مرض سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پھیلانا بہت ضروری ہے۔مریم نواز نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لیے نمونیا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کو انتہائی ضروری قرار دیا اور کہا کہ یہ ویکسین بچوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نمونیا کی بروقت تشخیص اور علاج سے اس بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے، اور اس کے لئے اجتماعی سطح پر آگاہی کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نمونیا سے بچاؤ کے لئے سردیوں میں بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے، کیونکہ سردی کے موسم میں اس بیماری کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نمونیا کی علامات کو نظرانداز نہ کریں اور بروقت علاج حاصل کریں تاکہ اس بیماری کا شکار ہونے سے بچا جا سکے۔