کسی رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو بغیر کسی قانونی اور مستند بنیاد کے دہشت گرد تنظیم قرار دینا انتہائی سنگین الزام ہے
عظمیٰ بخاری معافی مانگیں، بیان واپس لیں،بصورت دیگر عدالت میں کاروائی کا حق رکھتے ہیں:قانونی نوٹس
لاہور (آن لائن) مرکزی مسلم لیگ نے پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو مرکزی مسلم لیگ کے خلاف ہتک آمیز ، جھوٹے،بدنتیی پر مبنی بیانات پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، مرکزی مسلم لیگ کو دہشتگرد، کالعدم کہنے کے بیانات پر سات روز میں معافی مانگنے، الزامات واپس لینے اور سوشل میڈیا سے مواد حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو عدالت میں کاروائی کا حق رکھتے ہیں۔ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ان کے وکلا صاحِبزادہ محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ ایم نعیم مظہر ایڈووکیٹس ہائی کورٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کو ملک کے جمہوری اور انتخابی عمل میں حصہ لینے کا قانونی حق حاصل ہے۔