پاکستان آسیان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے اسحاق ڈار

دونوں خطوں کی کاروباری برادریوں کو قریب لانے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کریں گے:،آسیان کے سیکرٹری جنرل کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے بدلتے ہوئے عالمی حالات اور بڑھتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے تناظر میں اقتصادی تعاون، سائبر سیکیورٹی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں فریقین نے کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاو کم ہورن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈاکٹر کاو کم ہورن کا پاکستان میں استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ پاکستان اور آسیان کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستان آسیان کا دیرینہ سیکٹرل ڈائیلاگ پارٹنر ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آج وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں اقتصادی، سماجی اور ثقافتی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ موجودہ غیر یقینی عالمی صورتحال میں آسیان کا قریبی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان نے سائبر سیکیورٹی کے خطرات سے نمٹنے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔