پاکستان بحرین کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے:وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کی وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے وزیر داخلہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا، وزیر اعظم نے بحرین کے شاہ   حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بحرین پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بحرین میں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی میں ایک کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لئے تیز تر ویزہ پراسیسنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہماری خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے جیسا کہ ہم بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔